Quran Urdu Translation

Surah Al Waqiah

Translation by Fateh Muhammad Jalundhari

شروع اﷲ کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم والا (ہے)۔


جب واقع ہونے والی واقع ہو جائے

1

اس کے واقع ہونے میں کچھ جھوٹ نہیں

2

کسی کو پست کرے کسی کو بلند

3

جب زمین بھونچال سے لرزنے لگے

4

اور پہاڑ ٹوٹ کر ریزہ ریزہ ہو جائیں

5

پھر غبار ہو کر اڑنے لگیں

6

اور تم لوگ تین قسم ہو جاؤ

7

تو داہنے ہاتھ والے (سبحان اللہ) داہنے ہاتھ والے کیا (ہی چین) میں ہیں ‏

8

اور بائیں ہاتھ والے (افسوس) بائیں ہاتھ والے کیا (گرفتار عذاب) ہیں ‏

9

اور جو آگے بڑھنے والے ہیں (انکا کیا کہنا ) وہ آگے ہی بڑھنے والے ہیں ‏

10

وہی (خدا کے) مقرب ہیں

11

نعمت کی بہشتوں میں

12

وہ بہت سے تو اگلے لوگوں میں سے ہوں گے ‏

13

اور تھوڑے سے پچھلوں میں سے

14

(لعل و یاقوت وغیرہ سے) جڑے ہوئے تختوں پر ‏

15

آمنے سامنے تکیہ لگائے ہوئے

16

نوجوان خدمت گزار جو ہمیشہ (ایک ہی حالت میں) رہیں گے ان کے آس پاس پھریں گے

17

یعنی آبخورے اور آفتابے اور صاف شراب کے گلاس لے کر

18

اس سے نہ تو سر میں درد ہوگا اور نہ انکی عقلیں زائل ہوں گی ‏

19

اور میوے جس طرح کے ان کو پسند ہوں

20

اور پرندوں کا گوشت جس قسم کا ان کا جی چاہے

21

اور بڑی بڑی آنکھوں والی حوریں

22

جیسے (حفاظت سے) تہہ کئے ہوئے (آبدار) موتی ‏

23

یہ ان اعمال کا بدلہ ہے جو وہ کرتے تھے ‏

24

وہاں نہ بےہودہ باتیں سنیں گے اور نہ گالی گلوچ ‏

25

ہاں ان کا کلام سلام سلام (ہو گا )

26

اور داہنے ہاتھ والے (سبحان اللہ) داہنے ہاتھ والے کیا (ہی عیش میں) ہیں ‏

27

(یعنی) بےخار کی بیریوں میں ‏

28

اور تہہ بہ تہہ کیلوں ‏

29

اور لمبے لمبے سایوں ‏

30

اور پانی کے جھرنوں ‏ ‏

31

اور میوہ ہائے کثیرہ (کے باغوں) میں ‏ ‏

32

جو نہ کبھی ختم ہوں اور نہ ان سے کوئی روکے ‏

33

اور اونچے اونچے فرشوں میں ‏ ‏

34

ہم نے ان (حوروں) کو پیدا کیا ‏ ‏

35

تو ان کو کنواریاں بنایا ‏ ‏

36

(اور شوہروں کی) پیاریاں اور ہم عمر ‏‏

37

داہنے ہاتھ والوں کے لئے ‏ ‏

38

(یہ) بہت سے تو اگلے لوگوں میں سے ہیں ‏

39

اور بہت سے پچھلوں میں سے ‏

40

اور بائیں ہاتھ والے (افسوس) بائیں ہاتھ والے کیا (ہی عذاب میں) ہیں ‏ ‏‏

41

(یعنی دوزخ کی) لپٹ اور کھولتے ہوئے پانی میں ‏ ‏

42

اور سیاہ دھوئیں کے سائے میں ‏

43

(جو) نہ ٹھنڈا (ہے) اور نہ خوشنما ‏

44

یہ لوگ اس سے پہلے عیش نعیم میں پڑے ہوئے تھے ‏

45

اور گناہ عظیم پر اڑے ہوئے تھے ‏

46

اور کہا کرتے تھے کہ بھلا جب ہم مر گئے اور مٹی ہوگئے اور ہڈیاں (ہی ہڈیاں رہ گئے) تو کیا ہمیں پھر اٹھنا ہوگا ‏

47

اور کیا ہمارے باپ دادا کو بھی؟

48

کہہ دو کہ بیشک پہلے اور پچھلے

49

(سب) ایک روز مقرر کے وقت پر جمع کئے جائیں گے ‏

50

پھر تم اے جھٹلانے والے گمراہو! ‏ ‏

51

تھوہر کے درخت کھاؤ گے ‏ ‏

52

پھر اسی سے پیٹ بھرو گے ‏

53

پھر اس پر کھولتا ہوا پانی پیؤ گے

54

اور پیؤگے بھی تو اس طرح جیسے پیاسے اونٹ پیتے ہیں ‏

55

جزا کے دن یہ ان کی ضیافت ہوگی ‏

56

ہم نے تم کو (پہلی بار بھی تو) پیدا کیا ہے، تو تم (دوبارہ اٹھنے کو)  کیوں سچ نہیں سمجھتے؟

57

دیکھو تو کہ جس (نطفے) کو تم (عورتوں کے رحم میں) ڈالتے ہو ‏

58

کیا تم اس (سے انسان) کو بناتے ہو یا ہم بناتے ہیں؟

59

ہم نے تم میں مرنا ٹھہرا دیا ہے اور ہم اس بات سے عاجز نہیں ہیں ‏

60

کہ تمہاری طرح کے اور لوگ تمہاری جگہ لے آئیں اور تم کو ایسے جہان میں جس کو تم نہیں جانتے پیدا کر دیں

61

اور تم نے پہلی پیدائش تو جان ہی لی ہے پھر تم سوچتے کیوں نہیں؟

62

بھلا دیکھو تو جو کچھ تم بوتے ہو ‏

63

تو کیا تم اسے اگاتے ہو یا ہم اسے اگاتے ہیں؟

64

اگر ہم چاہیں تو اسے چورا چورا کر دیں اور تم باتیں بناتے رہ جاؤ ‏

65

(کہ ہائے) ہم تو مفت تاوان میں پھنس گئے ‏

66

بلکہ ہم ہیں ہی بد نصیب ‏

67

بھلا دیکھو تو جو پانی تم پیتے ہو ‏

68

کیا تم نے اسکو بادل سے نازل کیا ہے یا ہم نازل کرتے ہیں؟

69

اگر ہم چاہیں تو ہم اسے کھاری کر دیں پھر تم شکر کیوں نہیں کرتے؟

70

بھلا دیکھو تو جو آگ تم درخت سے نکالتے ہو ‏

71

کیا تم نے اس کے درخت کو پیدا کیا ہے یا ہم پیدا کرتے ہیں؟

72

ہم نے اسے یاد دلانے اور مسافروں کے برتنے کو بنایا ہے ‏

73

تو تم اپنے پروردگار بزرگ کے نام کی تسبیح کرو ‏

74

مجھے تاروں کی منزلوں کی قسم ‏

75

اور اگر تم سمجھو تو یہ بڑی قسم ہے ‏

76

کہ یہ بڑے رتبے کا قرآن ہے ‏

77

(جو) کتاب محفوظ میں (لکھ) ہوا ہے ‏

78

اس کو وہی ہاتھ لگاتے ہیں جو پاک ہیں ‏

79

پروردگار عالم کی طرف سے اتارا گیا ہے ‏

80

کیا تم اس کلام سے انکار کرتے ہو؟ ‏

81

اور اپنا وظیفہ یہ بناتے ہو کہ اسے جھٹلاتے ہو؟ ‏

82

بھلا جب روح گلے میں آ پہنچتی ہے ‏

83

اور تم اس وقت کی (حالت کو) دیکھا کرتے ہو ‏

84

اور ہم اس (مرنے والے) سے تم سے بھی زیادہ نزدیک ہوتے ہیں لیکن تم کو نظر نہیں آتے

85

پس اگر تم کسی کے بس میں نہیں ہو ‏

86

تو اگر سچے ہو تو روح کو پھیر کیوں نہیں لیتے؟ ‏

87

پھر اگر وہ (خدا کے) مقربوں میں سے ہے ‏

88

تو (اس کے لئے) آرام اور خوشبو دار پھول اور نعمت کے باغ ہیں

89

اگر وہ دائیں ہاتھ والوں میں سے ہے ‏

90

تو (کہا جائے گا کہ) تجھ پر داہنے ہاتھ والوں کی طرف سے سلام ‏

91

اگر وہ جھٹلانے والے گمراہوں میں سے ہے ‏

92

تو (اسکے لئے) کھولتے پانی کی ضیافت ہے ‏

93

اور جہنم میں داخل کیا جانا ‏

94

یہ (داخل کیا جانا یقینا صحیح یعنی) حق الیقین ہے ‏

95

تو تم اپنے پروردگار بزرگ کے نام کی تسبیح کرتے رہو ‏

***********

96


© Copy Rights:

Zahid Javed Rana, Abid Javed Rana,

Lahore, Pakistan

Visits wef Apr 2024 free web page counter