Quran Urdu Translation

Surah Al Hashr

Translation by Fateh Muhammad Jalundhari

شروع اﷲ کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم والا (ہے)۔


جو چیزیں آسمانوں میں ہیں اور جو چیزیں زمین میں ہیں (سب) خدا کی تسبیح کرتی ہیں

اور وہ غالب حکمت والا ہے ‏

1

وہی تو ہے جس نے کفار اہل کتاب کو حشر اول کے وقت ان کے گھروں میں سے نکال دیا۔

تمہارے خیال میں بھی نہ تھا کہ وہ نکل جائیں گے

اور وہ لوگ یہ سمجھے ہوئے تھے کہ ان کے قلعے ان کو خدا (خدا کے عذاب)سے بچا لیں گے مگر خدا نے ان کو وہاں سے آلیا جہاں سے ان کو گمان بھی نہ تھا‏

اور ان کے دلوں میں دہشت ڈال دی‏

کہ اپنے گھروں کو خود اپنے ہاتھوں اور مومنوں کے ہاتھوں سے اجاڑنے لگے۔

تو اے بصیرت کی آنکھیں رکھنے والو عبرت پکڑو۔ ‏

2

‏ اور اگر خدا نے ان کے بارے میں جلا وطن کرنا نہ لکھ رکھا ہوتا تو انکو دنیا میں بھی عذاب دے دیتا‏

اور آخرت میں تو ان کے لیئے آگ کا عذاب (تیار) ہے ‏

3

یہ اس لئے کہ انہوں نے خدا اور اس کے رسول کی مخالفت کی۔‏

اور جو شخص خدا کی مخالفت کرے تو خدا سخت عذاب دینے والا ہے ۔ ‏

4

(مومنو) کھجور کے جو درخت تم نے کاٹ ڈالے یا انکو اپنی جڑوں پر کھڑا رہنے دیا سو خدا کے حکم سے تھا‏

اور مقصود یہ تھا کہ نافرمانوں کو رسوا کرے ۔ ‏

5

اور جو (مال) خدا نے اپنے پیغمبر کو ان لوگوں سے (بغیر لڑائی بھڑائی کے) دلوایا ہے اس میں تمہارا کچھ حق نہیں

کیونکہ اس کے لئے نہ تم نے گھوڑے دوڑائے نہ اونٹ

لیکن خدا اپنے پیغمبروں کو جن پر چاہتا ہے مسلط کر دیتا ہے‏

اور خدا ہرچیز پر قادر ہے ‏

6

جو مال خدا نے اپنے پیغمبر کو دیہات والوں سے دلوایا ہے وہ خدا کے اور پیغمبر کے ‏

اور (پیغمبر کے) قرابت والوں کے اور یتیموں کے اور حاجت مندوں کے اور مسافروں کے لئے ہے‏

تاکہ جو لوگ تم میں دولت مند ہیں انہی کے ہاتھوں میں نہ پھرتا رہے ‏

سو جو چیز تم کو پیغمبر دیں وہ لے لو اور جس سے منع کریں (اس سے) باز رہو۔‏

اور خدا سے ڈرتے رہو۔ بیشک خدا سخت عذاب دینے والا ہے ‏

7

(اور) ان مفلسان تارک الوطن کے لئے بھی جو اپنے گھروں اور مالوں سے خارج (اور جدا) کر دیے گئے ہیں

(اور) خدا کے فضل اور اس کی خوشنودی کے طلبگار اور خدا اور اس کے پیغمبر کے مددگار ہیں

یہی لوگ سچے (ایماندار) ہیں ۔ ‏

8

اور (ان لوگوں کے لئے بھی) جو مہاجرین سے پہلے (ہجرت کے) گھر (یعنی مدینے) میں مقیم اور ایمان میں (مستقل) رہے

اور جو لوگ ہجرت کر کے انکے پاس آتے ہیں ان سے محبت کرتے ہیں

اور جو کچھ ان کو ملا اس سے اپنے دل میں کچھ خواہش (اور خلش) نہیں پاتے ‏ اور انکو اپنی جانوں سے مقدم رکھتے ہیں خواہ ان کو خود احتیاج ہی ہو

اور جو شخص حرص نفس سے بچا لیا گیا تو ایسے ہی لوگ مراد پانے والے ہیں ۔ ‏

9

اور (ان کے لئے بھی) جو ان (مہاجرین) کے بعد آئے (اور) دعا کرتے ہیں کہ

اے ہمارے پروردگار ہمارے اور ہمارے بھائیوں کے جو ہم سے پہلے ایمان لائے ہیں گناہ معاف فرما۔‏

اور مومنوں کی طرف سے ہمارے دل میں کینہ (وحسد) نہ پیدا ہونے دے۔

اے ہمارے پرودرگار تو بڑا شفقت کرنے والا مہربان ہے ۔ ‏‏

10

کیا تم نے ان منافقوں کو نہیں دیکھا جو اپنے کافر بھائیوں سے جو اہل کتاب ہیں کہا کرتے ہیں کہ‏

اگر تم جلا وطن کئے گئے تو ہم بھی تمہارے ساتھ نکل چلیں گے اور تمہارے بارے میں کبھی کسی کا کہا نہ مانیں گے‏

اور اگر تم سے جنگ ہوئی تو تمہاری مدد کریں گے۔‏

مگر خدا ظاہر کئے دیتا ہے کہ یہ جھوٹے ہیں ۔ ‏

11

‏ اگر وہ نکالے گئے تو یہ ان کے ساتھ نہیں نکلیں گے۔‏

اور اگر ان سے جنگ ہوئی تو ان کی مدد نہیں کرینگے

اور اگر مدد کرینگے تو پیٹھ پھیر کر بھاگ جائں گے پھر ان کو (کہیں سے بھی) مددنہ ملے گی ۔ ‏‏

12

(مسلمانو !) تمہاری ہیبت ان لوگوں کے دلوں میں خدا سے بھی بڑھ کر ہے۔

یہ اس لئے کہ وہ لوگ ایسے ہیں کہ سمجھ نہیں رکھتے ۔ ‏

13

یہ سب جمع ہو کر بھی تم سے (بالمواجہہ) نہیں لڑسکیں گے مگر بستیوں کے قلعوں میں (پناہ لے کر) یا دیواروں کی اوٹ میں (مستعور ہو کر)

ان کا آ پس میں بڑا رعب ہے۔

تم شاید خیال کرتے ہو کہ یہ اکٹھے (اور ایک جان) ہیں مگر ان کے دل پھٹے ہوئے ہیں۔ ‏

یہ اس لئے کہ یہ بےعقل لوگ ہیں ۔ ‏

14

ان کا حال ان لوگوں کا سا ہے جو ان سے کچھ ہی پیشتر اپنے کاموں کی سزا کا مزا چکھ چکے ہیں

اور (ابھی) ان کے لئے دکھ دینے والا عذاب تیار ہے ‏

15

منافقوں کی مثال شیطان کی سی ہے کہ انسان سے کہتا رہا کہ کافر ہو جا۔ ‏

جب وہ کافر ہو گیا تو کہنے لگا کہ مجھے تجھ سے کچھ سروکار نہیں مجھ کو تو خدائے رب العالمین سے ڈر لگتا ہے ‏‏

16

تو دونوں کا انجام یہ ہوا کہ دوزخ میں داخل ہوئے ہمیشہ اس میں رہیں گے

اور بے انصافوں کی یہی سزا ہے ۔ ‏‏

17

اے ایمان والو ! خدا سے ڈرتے رہو اور ہر شخص کو دیکھنا چاہئے کہ اس نے کل (یعنی فروائے قیامت) کیلئے کیا (سامان) بھیجا ہے‏‏

اور ہم پھر کہتے ہیں کہ خدا ہی سے ڈرتے رہو۔

بیشک خدا تمہارے سب اعمال سے خبردار ہے ۔ ‏

18

اور ان لوگوں جیسے نہ ہونا جنہوں نے خدا کو بھلا دیا تو خدا نے ایسا کر دیا کہ خود اپنے تئیں بھول گئے ‏

یہ بد کردار لوگ ہیں ۔ ‏

19

اہل دوزخ اور اہل بہشت برابر نہیں‏

اہل بہشت تو کامیابی حاصل کرنے والے ہیں ۔ ‏‏

20

اگر ہم یہ قرآن کسی پہاڑ پر نازل کرتے تو تم دیکھتے کہ خدا کے خوف سے دبا اور پھٹا جاتا ہے

اور یہ باتیں ہم لوگوں کے لئے بیان کرتے ہیں تاکہ وہ غور و فکر کریں ‏

21

وہی خدا ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں‏

پوشیدہ اور ظاہر کا جاننے والا

وہ بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے ۔ ‏

22

وہی خدا ہے جس کے سوا کوئی لائق عبادت نہیں۔

بادشاہ حقیقی پاک ذات (ہر عیب سے) سالم امن دینے والا نگہبان غالب زبردست بڑائی والا۔ ‏

خدا ان لوگوں کے شریک مقرر کرنے سے پاک ہے ۔ ‏

23

وہی خدا (تمام مخلوقات کا) خالق ایجاد واختراع کرنیوالا صورتیں بنانے والا ‏

اسکے سب اچھے سے اچھے نام ہیں ‏

جتنی چیزیں آسمانوں اور زمین میں ہیں سب اس کی تسبیح کرتی ہیں ‏

اور وہ غالب حکمت والا ہے ۔ ‏

***********

24


© Copy Rights:

Zahid Javed Rana, Abid Javed Rana,

Lahore, Pakistan

Visits wef Apr 2024 free web page counter