Quran Urdu Translation

Surah Al Naziat

Translation by Fateh Muhammad Jalundhari

شروع اﷲ کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم والا (ہے)۔


ان (فرشتوں) کی قسم جو ڈوب کر کھینچ لیتے ہیں ‏

1

اور ان کی جو آسانی سے کھول دیتے ہیں ‏

2

اور ان کی جو تیرتے پھرتے ہیں ‏‏

3

پھر لپک کر آگے بڑھتے ہیں

4

پھر (دنیا کے) کاموں کا انتظام کرتے ہیں ‏

5

(کہ وہ دن آ کر رہے گا) جس دن زمین کو بھونچال آئے گا ‏

6

پھر اس کے پیچھے اور (بھونچال) آئے گا ‏‏

7

اس دن (لوگوں) کے دل خائف ہو رہے ہوں گے ‏‏

8

اور آنکھیں جھکی ہوئی ‏‏

9

(کافر) کہتے ہیں کیا ہم الٹے پاؤں پھر لوٹیں گے؟ ‏‏

10

بھلا جب ہم کھوکھلی ہڈیاں ہو جائیں گے (تو پھر زندہ کیے جائیں گے) ‏‏

11

کہتے ہیں کہ یہ لوٹنا تو (موجب) زیاں ہے ‏

12

وہ تو صرف ایک ڈانٹ ہوگی ‏‏

13

اس وقت وہ (سب) میدان (حشر) میں آ جمع ہوں گے۔ ‏

14

بھلا تم کو موسیٰ کی حکایت پہنچی ہے ‏

15

جب ان کے پروردگار نے ان کو پاک میدان (یعنی) طوٰ ی میں پکارا ‏

16

(اور حکم دیا) کہ فرعون کے پاس جاؤ وہ سرکش ہو رہا ہے ‏

17

اور (اس سے) کہو کیا تو چاہتا ہے کہ پاک ہو جائے ‏‏

18

اور میں تجھے تیرے پروردگار کا راستہ بتاؤں تاکہ تجھ کو خوف (پیدا) ہو ‏‏

19

غرض انہوں نے اس کو بڑی نشانی دکھائی۔ ‏

20

اس نے جھٹلایا اور نہ مانا ‏‏

21

پھر لوٹ گیا اور تدبیریں کرنے لگا ‏

22

اور (لوگوں) کو اکھٹا کیا اور پکارا ‏

23

کہنے لگا کہ تمہارا سب سے بڑا مالک میں ہوں ‏

24

تو خدا نے اس کو دنیا اور آخرت (دونوں) کے عذاب میں پکڑ لیا ‏‏

25

جو شخص (خدا سے) ڈر رکھتا ہے اس کیلئے اس (قصے) میں عبرت ہے ‏

26

بھلا تمہارا بنانا مشکل ہے یا آسمان کا؟

اسی نے اس کو بنایا ‏

27

اس کی چھت کو اونچا کیا پھر اسے برابر کر دیا ‏ ‏‏

28

اور اسی نے رات کو تاریک بنایا اور (دن کو) دھوپ نکالی ‏ ‏

29

اور اس کے بعد زمین کو پھیلا دیا ‏ ‏

30

اسی نے اس میں سے اس کا پانی نکالا اور چارا اگایا ‏ ‏

31

اور اس پر پہاڑوں کا بوجھ رکھ دیا ‏ ‏

32

یہ سب کچھ تمہارے اور تمہارے چوپایوں کے فائدے کےلیے (کیا) ‏ ‏

33

تو جب بڑی آفت آئے گی ‏ ‏

34

اس دن انسان اپنے کاموں کو یاد کرے گا ‏ ‏

35

اور دوزخ دیکھنے والے کے سامنے نکال کر رکھ دی جائے گی۔ ‏ ‏

36

تو جس نے سرکشی کی ‏

37

اور دنیا کی زندگی کو مقدم سمجھا ‏ ‏

38

اس کا ٹھکانا دوزخ ہے ‏

39

اور جو اپنے پروردگار کے سامنے کھڑے ہونے سے ڈرتا اور دل کو خواہشوں سے روکتا رہا ‏ ‏

40

اس کا ٹھکانا بہشت ہے ‏ ‏

41

(اے پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم! لوگ)

تم سے قیامت کے بارے میں پوچھتے ہیں کہ اس کا وقوع کب ہوگا؟ ‏

42

سو تم اس کے ذکر سے کس فکر میں ہو؟ ‏

43

اس کا منتہا (یعنی واقع ہونے کا وقت) تمہارے پروردگار ہی کو معلوم ہے ‏‏

44

جو شخص اس سے ڈر رکھتا ہے تم تو اسی کو ڈر سنانے والے ہو ‏‏

45

جب وہ اس کو دیکھیں گے (تو ایسا خیال کرینگے) کہ گویا (دنیا میں صرف) ایک شام یا صبح رہے تھے ‏‏

***********

46


© Copy Rights:

Zahid Javed Rana, Abid Javed Rana,

Lahore, Pakistan

Visits wef Apr 2024 free web page counter